فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو رہا ہے، اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر اس میں عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شرکت متوقع ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت جنم لیا جب فیفا کے صدر Gianni Infantino نے ایک انٹرویو کے دوران امکان ظاہر کیا کہ ٹورنامنٹ میں شامل کلبس اور رونالڈو سے متعلق چیزیں لائن اپ میں ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران جب انفینٹینو سے پوچھا گیا کہ کیا رونالڈو ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکتے ہیں؟
اس پر انہوں نے جواب دیا کہ کرسٹیانو رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کلبس کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے، ممکنہ طور پر بعض کلب اس حوالے سے سوچ رہے ہیں کہ ورلڈ کپ کے لیے رونالڈو کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں، کون جانتا ہے، ابھی کچھ ہفتے باقی ہیں۔
واضح رہے کہ کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں سعودی عرب سے صرف الہلال ہی حصہ لے رہی ہے جبکہ رونالڈو کی ٹیم النصر نے کوالیفائی نہیں کیا ہے۔
اگر رونالڈو کو ٹرانسفر کیا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ اور لیونل میسی 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار دوبارہ ایک ہی ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے۔
کلب ورلڈ کپ 29 دنوں پر محیط ہوگا جو 15 جون سے 13 جولائی کے درمیان شیڈول ہے۔