• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوواک جوکووچ نے 100واں اے ٹی پی ٹائٹل جیت لیا

----تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
----تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

دنیائے ٹینس کے لیجنڈ اور 24 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن نوواک جوکووچ نے 100 واں اے ٹی پی سنگلز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

انہوں نے جنیوا اوپن کے فائنل میں ہیوبرٹ ہرکاز کو شکست دے کر اپنا 100 واں اے ٹی پی سنگلز ٹائٹل جیتا۔

اس تاریخی کامیابی کے بعد جوکووچ اوپن ایرا میں صرف 3 ایسے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے 100 سے زائد اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے ہیں، ان سے پہلے یہ کارنامہ صرف جمی کونرز اور راجر فیڈرر نے انجام دیا تھا۔

میچ کے بعد انٹرویو میں جوکووچ نے اپنی فیملی اور کوچنگ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی اور بچوں کا شکریہ جو اسکول کی چھٹی کر کے صرف 3 دن کے لیے میرے ساتھ آئے اور میری ٹیم آپ کا شکریہ کہ اچھے وقتوں میں ہی نہیں بلکہ مشکل لمحوں میں بھی میرے ساتھ کھڑے رہے، آج میرے رویے کو برداشت کرنا مشکل تھا، لیکن آپ نے صبر سے کام لیا اور یہ کامیابی ہم سب کی ہے۔

جوکووچ کے لیے یہ جیت آسان نہ تھی، پہلا سیٹ ڈبل فالٹ کی وجہ سے ہرکاز کے نام ہوا، دوسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سروسز برقرار رکھیں، مگر ٹائی بریک میں جوکووچ کا تجربہ بازی لے گیا۔

تیسرے سیٹ کے ابتدا میں بریک ہونے کے باوجود جوکووچ نے زبردست واپسی کرتے ہوئے میچ جیتا۔

جوکووچ نے شکست خوردہ ہرکاز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تم پورے میچ میں مجھ سے بہتر کھلاڑی رہے، اس طرح ہارنا تلخ ضرور ہے لیکن تم نے شاندار کھیل پیش کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جوکووچ نے اپنا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل 2006ء میں نکولس ماسو کو ہرا کر جیتا تھا اور آج ان کے 100 ویں ٹائٹل کی راہ میں موجود کھلاڑی ہرکاز ماسو کی کوچنگ میں کھیل رہے تھے۔

اب جوکووچ کی نظریں فرنچ اوپن پر ہیں، جہاں وہ ریکارڈ 25 واں گرینڈ سلم جیتنے کی کوشش کریں گے، پہلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ امریکی کھلاڑی میکینزی میکڈونلڈ سے ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید