اسلام آباد( جنگ رپورٹر)پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے امریکی خاتون بلاگر اور فلم ساز سنتھیا ڈی رچی کیساتھ مبینہ ریپ کے حوالے سے مقدمہ کے اندراج سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیاہے ،اپیل گزار نے سنتھیا ڈی رچی،ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ / جسٹس آف پیس اسلام آباد،ایس پی (شکایات)اور ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو فریق بناتے ہوئے سوموار کے روز دائر اپیل میں مئوقف اختیا رکیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جسٹس آف پیس کی عدالت کا حکم کالعدم قرار دینا اور معاملہ سیشن عدالت کو کسی اور جج کی عدالت میں بھجوا کر دوبارہ سماعت کرکے تین ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم جاری کرنا قانون اور حقائق کے برعکس ہے، سنتھیا نے مجھ پر صرف نیم برہنہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا، اگر اس الزام کو درست بھی مان لیا جائے تو بھی ریپ کا کیس نہیں بنتا ہے، ہائی کورٹ نے نو سال بعد اندراج مقدمہ کی درخواست کے پہلو کو بھی نظرانداز کیا ہے۔