لاہور( این این آئی) سپریم کورٹ نے بغیر بتائے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے سندھ رینجرز کے اہلکار کی ملازمت پر بحالی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سندھ رینجرز کے اہلکار غلام مصطفی کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزارچھٹی پر گھر گیا جہاں قتل کے ایک مقدمے میں نامزد کر دیا گیا۔ جس پر فاضل بنچ نے استفسار کیا تو کیا اس میں آپ کے موکل گرفتار ہوئے۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ غلام مصطفی مفرور ہوگیا، بعد ازاں راضی نامہ ہوگیا، استدعا ہے کہ اہلکار کو ملازمت پر بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔