پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ حریم فاروق نے ملکہ ترنم نور جہاں کو مشہور پنجابی گانے ’مُنڈیا سیالکوٹیا‘ کی لپ سنکنگ کر کے خراج تحسین پیش کیا، اداکارہ کا کسی شخصیت کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ منفرد انداز سب ہی کو بھا گیا۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے بلیک اینڈ وائٹ تھیم میں گزرے وقتوں کا انداز اپنائے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ملکہ ترنم کے گانے کے بول بول رہی ہیں۔
اپنی ویڈیو کے ساتھ اداکارہ نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا اور اپنے ماضی میں میوزک سے جڑے جذبات کا اظہار کیا اور بچپن کی یادیں تازہ کیں۔
حریم نے لکھا کہ انہیں آج بھی بچپن کی دلکش یادوں میں سے ایک واقعہ ایسے یاد ہے جسے یہ کل کا ہی واقعہ ہو۔
انہوں نے میڈم نور جہاں کو خراج تحسین پیش کرنے کے پیچھے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ ’دادا ابو اور بہن کے ساتھ میڈم نور جہاں کی فلم ’انار کلی‘ دیکھنا بچپن کی یادوں میں سے ایک بہترین یاد ہے۔‘
اداکارہ کا کہنا تھا میں بچپن میں میڈم نور جہاں کا مشہور گانا ’صدا ہوں اپنے پیار کی‘ اکثر گنگناتی رہتی تھی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ اس گانے کے خوبصورت اور بے مثال اظہار نے دل موہ لیا تھا۔
حریم فاروق نے کہا کہ میرے دل میں میڈم نور جہاں کے لیے بے انتہا محبت اور احترام ہے، میں اب تک میڈم نور جہاں کے فیشن سمیت خصوصیات کو اپناتی ہوں۔
اپنی پوسٹ کے آخر میں حریم فاروق نے متنبہ کیا کہ اس ویڈیو کا کسی سے بھی موازنہ نہیں ہے میں میڈم نور جہاں کی عظمت کو حاصل کرنے کا صرف خواب ہی دیکھ سکتی ہوں۔