• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ایسی سرزمین چاہتی ہوں جہاں ہر ایک کو انصاف ملے، نادیہ جمیل

معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسی سرزمین چاہتی ہیں جہاں ہر ایک کو انصاف ملے اور جہاں ہر عقیدے کا احترام کیا جائے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ’انشاء اللّہ ‘ لکھا ہوا ہے، تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اداکارہ نے اچھے دِنوں کی خواہش میں ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔


نادیہ جمیل نے ملک کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم تیزی سے انصاف چاہتے ہیں، ہم اِس ملک میں امن، موسیقی، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا چاہتے ہیں جبکہ عصمت دردی، تشدد، ظلم ، جنگ اور ناانصافی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘

اداکارہ نے یکساں قانون کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اِس ملک میں ہر ایک کے لیے یکساں قانون نافذ ہو پھر چاہے وہ امیر ہو یا غریب، ہر ایک کو اُس کے جرم کے حساب سے یکساں سزا دی جائے۔‘

اُنہوں نےلکھا کہ ’ہم ایک ایسی سرزمین چاہتے ہیں جو سیاست، جاگیرداری اور اقرباپروری کے بجائے انسانیت، انصاف اور ثقافت سے چلتی ہو، ایک ایسی سرزمین ہو جو انسانوں سے لیکر جانوروں اور ہر ایک جاندار شے کے لیے محفوظ ہو۔‘

نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اِس سرزمین پر ہر عقیدے کا احترام کیا جائے اور یہاں ہر ایک بچہ سلامت رہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اس ملک کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں اور انشاء اللّہ یہ ایک دن ہوگا۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل نادیہ جمیل نے حالیہ دور کے پاکستانی ڈراموں کے اسکرپٹس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے کہ عورت پر گھریلو تشدد کیا جارہا ہے لیکن وہ پھر بھی مرد کے ساتھ رہنے کے لیے بے تاب ہے۔


اداکارہ نے سوالیہ انداز میں کہا تھا کہ آخر اس طرح کی کہانیاں معاشرے کو کیا مثبت پیغام پیش کرتی ہیں؟ اُن کا کہنا تھا کہ متعدد ڈرامے عورت کو ایک شکاری دِکھانا چاہتے ہیں اور اُن ڈراموں کے ہیرو ہیں۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ عورت شکاری نہیں ہے بلکہ اللّہ تعالیٰ کی مخلوق ہے اور الحمداللّہ ہمارے رب نے عورت کو احترام اور عزت کا مقام دیا ہے۔

واضح رہے کہ نادیہ جمیل ایک سماجی کارکن ہونے کی حیثیت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ظلم کے خلاف اپنی آواز بُلند کرتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین