پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عام لوگوں کو انصاف دینا کسی چڑیا کا نام نہیں ہے۔
ملک میں زیادتی کے بڑھتے کیسز اور لاہور موٹروے واقعے پر سونیا حسین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے شدید غصے کے عالم میں اپنے جذبات بیان کیے ہیں۔
سونیا حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان میں انصاف کسی چڑیا کا نام نہیں ہے کیونکہ یہاں عام آدمی ہمیشہ انصاف کی طلب میں مارا مارا پھرتا ہے لیکن اُسے انصاف نہیں ملتا۔‘
اداکارہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جس ملک میں کتّوں کا قانون ہو، جہاں بچے، بچیاں، عورتیں، کتّے، بلیاں اور یہاں تک کے قبروں میں لاشیں بھی محفوظ نہ ہوں تو وہاں سوشل میڈیا پر پوسٹس لگانے اور احتجاج کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’جب تک قانون کے محافظ اور سربراہان کے گھروں میں گُھس کر اُنہیں جوتے نہیں ماریں جائیں گے تب تک اعلیٰ حکام کو احساس نہیں ہوگا کہ آخر غیر محفوظ ہونے کا احساس کیسا ہوتا ہے۔‘
سونیا حسین نے اپنی پوسٹ کا اختتام کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اُن تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اُن کے الفاظ نامناسب اور غیر اخلاقی لگے۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’سچ تو یہ ہے کہ اس وقت اُن کے اندر جتنا غصّہ اور غبار ہے اُس کے آگے یہ الفاظ بہت کم ہیں۔‘
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہم ایسے بدعنوان اور نا اہل رہنماؤں کے مستحق نہیں ہیں۔‘
سونیا حسین نے اپنے مداحوں سے سوال بھی کیا کہ ’کیا ہم سب ساتھ ہیں؟‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے پر ایک خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے ہی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہوں، عائشہ عُمر
درندہ صفت دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، ملزمان خاتون کو موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئےتھے۔