اسلام آباد(اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے حوالے سے وزیراعظم کا موقف بڑا واضح ہے انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا‘ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی برائے داخلہ شہزاد اکبر کو ہدایات دی ہیں، بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرسینیٹر ذیشان اخونزادہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو روکنے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے اس حوالے سے 10 نکات پر مشتمل بل جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔