• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان کھلاڑیوں کو اوپر آنے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں،عمران خان

’نوجوان کھلاڑیوں کو اوپر آنے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں‘


اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سسٹم کی وجہ سے ٹیلنٹ اوپر نہیں آتا، کرکٹ کے موجودہ نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے، مقابلہ کی فضا میں بہترین ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو اوپر آنے کے لئے مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں، ہم ٹیلنٹ کو آگے لانے والے سسٹم اور کرکٹ کے ڈھانچے کو ٹھیک کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسر کاری ٹی وی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان نشریاتی حقوق کے حوالے سے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمند رپار پاکستانیز سید ذ والفقا ر عبا س بخاری، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور چیئرمین سر کاری ٹی وی ارشد خان بھی شریک تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی وی کھیلوں اور بالخصوص کرکٹ کی کوریج میں آگے آئے۔ کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے یہ معاہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی ہے اس میں یہ دیکھا ہے کہ پاکستان سے زیادہ کسی ملک میں ٹیلنٹ نہیں ہے اور ہمارا ٹیلنٹ سسٹم نہ ہونے کے باوجود ابھر کر سامنے آتا رہا ہے۔ پرانے سسٹم کی وجہ سے ٹیلنٹ آگے نہیں آتا تھا۔ اگر ہم ٹیلنٹ کو آگے لانے والے سسٹم اور کرکٹ کے ڈھانچے کو ٹھیک کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا۔

تازہ ترین