• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ کورونا کے پھیلاؤ سے خبردار رہے، ڈبلیو ایچ او

برسلز (این این آئی ) عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ کورونا کے دوبارہ پھیلائو پر کڑی نظر رکھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت نے براعظم یورپ میں کیسز کے اضافے کو حیران کن اور پریشان کن قرار دیا۔ ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ اس صورت حال پر قابو نہ پایا گیا تو مریضوں کی تعداد اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہانس کلوگے نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد پچاس ہزار سے زائد ہوجانا انتہائی خطرناک ہے۔ خیال ہے کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر ہانس کلوگے کا کہنا تھا کہ حالیہ اضافے میں دیکھا گیا ہے کہ وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی عمریں پچیس سے انچاس برس کے درمیان ہیں۔ان کے مطابق وائرس کی لپیٹ میں آنے والوں میں بزرگ افراد کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ ساٹھ برس سے زائد عمر کے وہ لوگ جنہیں امراضِ قلب یا شوگر کا سامنا ہے، انہیں کووڈ انیس کے 'رسک گروپ میں شمار کیا جاتا ہے۔بعض ممالک نے قرنطینہ کی مدت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے ممالک میں فرانس بھی شامل ہے، جہاں اس کی مدت نصف یعنی سات دن کر دی گئی ہے۔ اسی طرح برطانیہ اور آئر لینڈ میں بھی قرنطینہ کی مدت دس روز کی جا چکی ہے۔ باقی ملک بھی اس پر غور کر رہے ہیں۔لیکن عالمی ادارے نے قرنطینہ کے ایام کو کم کرنے سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی ہے اور اسے کم از کم چودہ دن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین