• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبیا بحران،5 اکتوبر کو دوسری عالمی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں جاری

نیویارک (این این آئی ) اقوام متحدہ اور جرمنی کے ذمے داران نے بتایاہے کہ آئندہ ماہ کی پانچ تاریخ کو اقوام متحدہ اور جرمنی کی سرپرستی میں دوسری بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی لیبیا میں خصوصی ایلچی اسٹیفنی ولیمز کا کہنا تھا کہ لیبیا میں سیاسی عمل کو زندہ کرنے کے لیے موقع ہے۔اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق کے مطابق اقوام متحدہ اور جرمن حکومت لیبیا کے حوالے سے 5اکتوبر کو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک نئی کانفرنس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، متعدد جرمن ذمے داران، متعدد ممالک کے وزرا خارجہ کے علاوہ لیبیا میں تنازع کے دونوں فریقوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔اس سے قبل رواں سال جنوری میں جرمنی کے شہر برلن میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں لیبیا کے تنازع سے مربوط تمام ممالک نے شرکت کی تھی۔اس موقع پر شریک ممالک نے ہتھیاروں اور جنگجوں کی صورت میں متحارب فریقوں کی امداد روک دینے کا وعدہ کیا تھا۔واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر مونٹرو میں گذشتہ ہفتے لیبیا کے فریقوں کا ایک مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس کے دوران شرکا نے 18 ماہ کے اندر انتخابات کے اجرا، صدارتی کونسل کی تشکیل نو اور قومی یک جہتی کی حکومت کی تشکیل پر موافقت کا اظہار کیا۔اس سے قبل مراکش کے شہر بوزنیقہ میں لیبیا کی اندرونی سطح پر پارلیمانی بات چیت ہوئی۔ اس کا مقصد ملک میں سیادت کو مضبوط بنانے کے لیے اداروں کو یکجا کرنا تھا۔ اسی طرح شرکا نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے اور ستمبر کے آخری ہفتے میں ان ملاقاتوں کو دوبارہ شرع کرنے پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔
تازہ ترین