جدہ (شاہد نعیم) سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر صالح بینتین نے آئندہ مرحلے میں عمرہ و زیارت کے مرحلہ وار بحالی کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو عمرہ پروگرام کو یادگار اور آسان تر بنانے سے متعلق عمرہ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر حج وعمرہ نے کہا کہ ’سعودی عرب حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے۔ وزیر حج و عمرہ کے مطابق ’ آئندہ مرحلے میں عمرہ کی کارروائی کے سلسلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اوربیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کراسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ایک ایپ جاری کرے گی۔ عمرہ کے خواہشمند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریح اور وقت کا تعین کریں گے۔ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون مملکت اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی۔ وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی ۔ پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔