امریکی ریاست نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ (بوہیمیا) میں ایک سنسنی خیز اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ڈینیئل ٹامون نامی خاتون اپنی 47ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے گھر کے صحن میں اچانک زمین دھنسنے سے ایک گہرے گڑھے میں جا گری۔
ڈینیئل کے مطابق وہ صحن میں موجود تھیں کہ اچانک پاؤں کے نیچے سے زمین غائب ہوگئی اور وہ پلک جھپکتے ہی 8 فٹ گہرے پرانے کنویں جیسے گڑھے میں گر گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گڑھے میں مٹی اور پانی موجود تھا اور باہر نکلنے کی کوشش میں ارد گرد کے پتھر ٹوٹ کر گر رہے تھے۔
انہوں نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری سالگرہ ہے یا موت کا دن؟‘۔
گڑھے کے اندر خوف سے بدحواس ڈینیئل نے بتایا کہ ان کی سانس پھول رہی تھی اور وہ شدت سے رو رہی تھیں، انہوں نے سوچا کہ شاید آج ان کی سالگرہ کا دن ہی ان کی زندگی کا آخری دن بن جائے گا۔
خاتون کی چیخ و پکار سن کر دو ہمسائے مدد کے لیے آئے۔ شروع میں انہیں لگا کہ آواز کسی شیڈ سے آ رہی ہے، لیکن جب انہوں نے زمین میں گڑھا دیکھا تو فوری طور پر 911 کو کال کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے گڑھے میں سیڑھی اتاری اور ڈینیئل کو بحفاظت باہر نکالا۔ خاتون کو باہر نکالنے کے بعد ریسکیو ٹیم اور پڑوسیوں نے انہیں خوشگوار انداز میں ’ہیپی برتھ ڈے‘ گا کر سالگرہ کی مبارکباد دی۔