• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غربت کے درست اعداد وشمار معلوم کرنے کیلئے 13رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ، مہتاب حیدر ) حکومت نے ملک میں غربت کے درست اعداد وشمار معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹر اکمل حسین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی ہے یہ کمیٹی 13ارکا ن پر مشتمل ہو گی جس کو قومی اور صوبائی سطح پر غربت اور عدم مساوات کے اعدادوشمار کے درست تعین کا اختیار دیا گیا ہے۔

صوبائی سطح پر غربت کے درست اعداد وشمار کے حصول کےلیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل پہلی مرتبہ کی گئی ہے کیونکہ قبل ازیں وفاقی حکومت نے ماضی میں حساس معاملے کے پیش نظر صوبائی و علاقائی غربت کے اعداد شمار جاری نہیں کیے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2015-16کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کی 24.3فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے،موجودہ حکومت مالی سال 2018-19میں اکٹھے کئے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر پہلی مرتبہ غربت کے نئے اعداد وشمار مرتب کرے گی ۔

وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ سطح کمیٹی کو نئے ٹرمز آف ریفرنس کے تحت غربت کے درست اعداد وشمار کے تعین کا اختیار دیا گیا ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اکمل حسین کے علاوہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں پائیڈ کے سابق جوائنٹ ڈائر یکٹر ڈاکٹر جی ایم عارف، سابق پروفیسر سکول آف اکنامکس قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر عالیہ ایچ خان ، شعبہ معاشیات قائداعظم یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر انور شاہ ، سیکرٹری وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ یا ان کے نامزد افسر ، انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن ، بی آئی ایس پی کے ڈائر یکٹر ریسرچ ڈاکٹر شجاعت فاروق ، پائیڈ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رضوان الحق ، لمز لاہور کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر راشد میمن ، کامسیٹس اسلام آباد کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثقلین رضا ، چاروں صوبوں کےپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی چیف اکنامسٹ ، وزارت پلاننگ کے چیف مائیکرو اکنامکس ظفرالحسن ، چیف ایس ڈی جیز وزارت منصوبہ بندی محسن راجا شامل ہیں ، ڈاکٹر اکمل حسین انفارمیشن یونیورسٹی لاہور کے سکول آف سوشل سائنسز اینڈ ہومیٹیز کےڈین ہیں ۔

تازہ ترین