• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ ریفرنس، فاروق نائیک کا نیب کے گواہ پر اعتراض


اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کی جانب سے گواہ پیش کیئے جانے پر اعتراض کر دیا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہمیں نہیں بتایا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے گواہ پیش کیا جائے گا، آج گواہوں کے بیانات ریکارڈ کریں، ہم آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ ایک گواہ کا بیان ہو گا، اس پر جرح ہو گی پھر اگلا گواہ پیش کریں گے۔

نیب نے احتساب عدالت سے توشہ خانہ ریفرنس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا کر دی۔

فاروق نائیک نے پھر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں نیب کو ان کیسز میں اتنی جلدی کیا ہے۔

فاروق نائیک نے سردار مظفر سے کہا کہ آرام آرام سے، آپ کے تعاون کے ساتھ آگے چلیں گے، آپ یہاں سیکیورٹی رسک بنانا چاہتے ہیں تو ہم آصف زرداری کو روز پیش کر دیا کریں گے۔

جج نے فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ یہاں وقت ضائع نہ کریں، روز سماعت کا فیصلہ آپ کے کہنے پر نہیں ہو گا۔


گواہ عمران ظفر نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کانفیڈینشل خدمات سر انجام دیں۔

گواہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ 7 فروری 2019ء کو نیب کی جانب سے خط موصول ہوا، جس میں نیب کی جانب سے انکوائری کیلئے تفصیلات مانگی گئی تھیں۔

گواہ عمران ظفر کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے آصف زرداری کی 2008ء کے کاغذاتِ نامزدگی اور اثاثہ جات کی تفصیلات مانگی تھیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے مجھے ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا تمام ریکارڈ اوریجنل ہے یا فوٹو کاپیز پر مشتمل ہے؟

تازہ ترین