• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈین جونز کی موت پر پاکستان کرکٹ کے تعزیتی پیغامات

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مختلف ٹیموں کے لیے کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھانے والے ڈین جونز کی ناگہانی موت کو دنیائے کرکٹ کا بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے۔

حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرنے والے ڈین جونز  کے اہلِ خانہ کے ساتھ کرکٹ بورڈز، سابق اور موجودہ کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز نے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اسی سلسلے میں سیزن ون سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ رہنے والے ڈین جونز کے انتقال کی دل دہلا دینے والی خبر پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کھلاڑیوں نے بھی آنجہانی کوچ کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پروفیسر ڈینو کے انتقال پر کہنے کے لیے الفاظ نہیں، وہ ایک شفیق انسان، دوست اور استاد تھے۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید کہتے ہیں کہ پی ایس ایل میں جونز کی کمی محسوس ہوگی، ان کے ساتھ اچھا وقت گزرا۔

سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر یقین نہیں آرہا، وہ شاندار کرکٹر، تجربہ کار کوچ اور ملنسار انسان تھے۔

پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے کہا کہ ڈین جونز ایک عظیم کرکٹر تھے ان کے انتقال پر دکھ ہوا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈین جونز کے ساتھ کافی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔

اسپیڈ اسٹار شعید اختر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر بہت دکھ ہوا، وہ بہت ہی نفیس انسان تھے۔

دوسری جانب ڈین جونز کے انتقال پر دنیا بھر سے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے لکھا کہ ڈین جونز نے اپنے دلکش اسٹروک اور عمدہ فیلڈنگ سے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے، ان کے انتقال کا بہت افسوس ہوا۔

تازہ ترین