• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں ایک اور نوجوان اداکار نے خودکشی کرلی

کراچی (جنگ نیوز)بھارت میں ایک اور بھارتی اداکار نے خودکشی کرلی، گھر والوں نے قتل کا شبہ ظاہر کردیا ہے۔ 

26سالہ بھارتی اداکار اکشانت اتکرش نے ممبئی میں اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی۔

پولیس کے مطابق اکشانت اتکرش کا تعلق بھارتی ریاست بہار سے تھا اور وہ بھارتی شہر ممبئی کے علاقے اندھیری میں اپنی دوست کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے جہاں انہوں نے رات کو پنکھے سے لٹک کر خود کشی کی۔

حکام نے بتایا کہ ساتھی خاتون نے بیان میں کہا ہے کہ نوجوان اداکار کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہیں تھے اور معمول کے مطابق اتوار کی رات بالکل ٹھیک تھے، ایک ساتھ کھانا کھایا جس کے بعد سونے کے لیے اپنے روم میں چلے گئے تاہم رات 11:30 پر واش روم جانے کے لیے اٹھی تو اکشانت کو مردہ پایا۔

پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی اور حادثاتی موت کا پرچہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ابتدائی تحقیقات اور پوسٹمارٹم رپورٹ میں کسی جرم کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار انڈسٹری میں کام نہ ملنے پر پریشان تھے جس پر انہوں نے اتوار کی رات یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

دوسری جانب اداکار کے گھر والوں نے خودکشی کے بجائے قتل کا الزام عائد کیا ہے اور شکایت کی ہے کہ ممبئی پولیس معاملے کو سنجیدہ نہیں لے رہی اور قتل کا مقدمہ نہیں درج کررہی۔

اداکار کے چچا کا کہنا ہے کہ اکشانت کسی ڈپریشن میں نہیں تھا، وہ کام تلاش کررہا تھا اور اسے ایک فلم بھی ملی تھی۔

تازہ ترین