• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندا یاسر کا مرزا شاہی کے انتقال پر اظہار افسوس

نامور اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے اداکار مرزا شاہی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز کی اہلیہ اور اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جیوانٹرٹینمنٹ کی مزاحیہ ڈرامہ سیریز ’نادانیاں‘ کی ایک خوبصورت اور یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں مرزا شاہی، ندا یاسر، یاسر نواز اور دانش نواز موجود ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’اداکار مرزا شاہی اب ہم میں نہیں رہے، اللّٰہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام دیں، آمین۔‘

اداکارہ کی اس پوسٹ پر اُن کے مداحوں کی جانب سے بھی مرزا شاہی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فلم اور ڈراموں کے مشہور اداکار مرزا شاہی گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق مرزا شاہی کو دو روز قبل سول اسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا،جس کے بعد انہیں میڈیکل آئی سی یو میں وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

مرزا شاہی نے سن 60ء کی دہائی میں مشرقی پاکستان کی فلمی صنعت سے اداکاری کا آغاز کیا، سن 1967ء میں اداکار ندیم کی پہلی فلم ’چکوری‘ میں کردار نگاری کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش بننے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی میں سکونت اختیار کی۔

انہوں نے 1971ء میں مشرقی پاکستان سے ہجرت کے بعد مالی مشکلات کی وجہ سے چھوٹے موٹے کام بھی کیے بعد ازاں پی ٹی وی کراچی سینٹر کے مختلف پرڈیوسرز کے ڈراموں کے ذریعے ازسرنو اداکاری کی۔

مقبول ترین ڈرامہ ’ففٹی ففٹی‘ سمیت پی ٹی وی کے بیشتر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہیں اطہرشاہ خان کے ساتھ کامیڈی ڈرامہ سیریل ’ہائے جیدی‘ سے بھی شہرت ملی۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل تک پرائیویٹ ڈرامہ پروڈکشن میں بھی کردارنگاری کی۔

مرزا شاہی نے کئی فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے، تاہم اُنہیں سب سے زیادہ مقبولیت جیو کی مزاحیہ ڈرامہ سیریز ’نادانیاں‘ سے حاصل ہوئی۔

اسی ڈرامے میں ادا کیا گیا اُن کا کردار ’چچا کمال‘ نے بے حد شہرت پائی۔

تازہ ترین