• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہانیہ کی منگنی ٹاپ ٹرینڈ، ہانیہ عامر بھی حیران رہ گئیں

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی کیوٹ اداکارہ ہانیہ عامر آئے دن کسی نہ کسی وجہ سےسوشل میڈیا کی خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔اب تا زہ ترین خبر یہ ہے کہ ہانیہ عامر کی منگنی سے متعلق ہیش ٹیگ سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرٹرینڈ بن گیا ہے۔ ٹوئٹر پر ہانیہ عامر کو منگنی کی مبارکباد دی جا رہی ہے، ’منگنی مبارک ہانیہ‘ کا ہیش ٹیگ گزشتہ دن سے ٹرینڈنگ پر ہے جبکہ اب یہ ٹرینڈز پر پہلے نمبر پر آ گیا ہے ۔جس کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹا اسٹوری پر ایک ویڈیو جاری کی اور اس ٹرینڈ کے حوالے سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 روز سے میرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بہت زیادہ نوٹی فکیشن موصول ہورہے تھے۔اداکارہ نے کہا کہ گزشتہ رات میں نے اپنی دوست سے کہا تھا کہ میرے ٹوئٹر پر بہت نوٹی فکیشن آرہے ہیں لیکن میں چیک نہیں کروں گی کہ کیا ہورہا ہے کیونکہ اس مرتبہ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا جس پر لوگ بات کریں۔ہانیہ عامر نے کہا کہ آج صبح میں نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ چیک کیا تاکہ معلوم ہو کہ آخر کیا ہورہا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ #منگنی _ مبارک _ ہانیہ گزشتہ روز سے ٹرینڈ کررہا ہے اور ایک وقت یہ ٹاپ ٹرینڈ بھی تھا، میں حیران ہوں۔ہانیہ عامر نے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے منگنی کی مبارکباد دینے کا شکریہ میں بہت خوش ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ ʼآپ لوگ مجھے حیران کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔علاوہ ازیں ہانیہ نام کے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا گیا تھا کہ ʼمیں ہانیہ ہوں اور میرے دوستوں نے میری منگنی کا ٹرینڈ چلایا ہے۔انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ہانیہ عامر والی غلط فہمی کو کلیئر کرلیں۔اب اداکارہ کے ردعمل کے بعد ہانیہ نامی اکاؤنٹ کی جانب سے ایک ری ٹوئٹ کیا گیا کہ یہ آپ کی نہیں ہماری ہانیہ کی منگنی تھی۔ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہوا کچھ یوں کہ ہانیہ ہماری دوست کی منگنی کا ہیش ٹیگ چلایا ہم نے اور لوگوں کو لگا کہ وہ ہانیہ عامر ہے اور وہ ٹرینڈ ٹاپ ٹرینڈ پہ چلا گیا جس کے بعد اور ہانیہ عامر کو آکر باقاعدہ جواب دینا پڑا۔

تازہ ترین