• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سفر کیلئےکورونا ٹیسٹ شرط ختم کی جائے،عبدالاعلیٰ درانی

بریڈ فورڈ (پ ر)پاکستان کے سفر کیلئےکورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کی جائے یہ پابندی سوچے سمجھے بغیر لگائی گئی ہے دنیا کے کسی بھی ملک میں داخلے کے لیے یہ شرط عائد نہیں کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار کمیونٹی رہنما عالم دین مولانا عبدالاعلیٰ درانی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نےکیا۔ انہوں نے کہا ہم جانتے ہیں کہ اس پابندی کا مقصد کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے لیکن ایسی پابندی بالکل ناروا ہے جس سے پاکستان کا سفر ہی ناممکن ہوجائے، انہوں نےکہا کہ سفر کرنے سے96گھنٹے قبل کوویڈ ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دینا سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی ایسی پالیسی نہیں اپنائی گئی اور نہ ہی لوگوں نے کوئی ایسی پابندی عائد ہونے دی۔مولانا عبدالاعلی نے کہا گزشتہ مارچ سے لے کر اب تک لاک ڈاؤن رہا، بچوں کی چھٹیاں اسی بحران میں گزر گئیں اور دوسری طرف ملکی ائر لائن بھی محدود کردی گئی اب لوگ اگلے چند ماہ میں سفر کرنے کے لیے تیار ہوئے ہیں توصرف چار دن قبل ٹیسٹ کرانا ناممکن بھی ہے اور ناقابل برداشت بوجھ بھی ہے ۔پاکستان میں کورونا کی لہر وبائی شکل اختیار نہیں کرپائی تو اس پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا ٹیسٹ کی پابندی کو فوراً واپس لیا جائے، امید ہے کہ حکومت جو تارکین وطن کے بارے میں بہتر سوچنے اور بہتر کرنے کی اہمیت سے خوب واقف ہے وہ اپنے شہریوں کو پریشان کرنے کی بجائے ان کے لئے سفر کو آسان بنائے گی۔
تازہ ترین