• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کا دوبارہ پھیلاؤ، بلدیاتی انتخابات وفاقی حکومت کی ہدایت سے مشروط

اسلام آباد( طا ہر خلیل)کورونا کے دوبارہ پھیلا ئو کے پیش نظر بلدیا تی انتخابات وفاقی حکومت کی ایڈ وائس سےمشروط کر دیئے گئے،الیکشن کمیشن نے خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن اور مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کیلئے (نیشنل کما نڈ اینڈ کنٹرول سینٹر) اور وزارت صحت کو خطوط لکھ دیئے ،وفاقی حکومت کی ایڈوائس ملنے کے بعد الیکشن کمیشن منا سب فیصلے کرے گا ،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں صورت حال کا جائزہ لیا گیا ، الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ سندھ میں الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے لئے تیار تھا ۔ اس سلسلے میں حلقہ بندی افسروں کی تعیناتی اور حلقہ بندیوں کے شیڈول کا نوٹیفکیشن بھی کر دیا گیا تھا ، جوبعد ازاں سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی درخواست پر کہ الیکشن کمیشن مردم شماری 2017ء کے غیر حتمی اعدادوشمار پر حلقہ بندی نہیں کروا سکتا ۔ا لیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست کے پیش نظر سندھ میں حلقہ بندی کے شیڈول کو موخر کیا ۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت شیڈول کے مطابق 18ستمبر 2020ء کو کرنی تھی ۔ یہ حلقہ بندی بھی حکومت پنجاب کی درخواست پر موخر کی گئی پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت ویلج کونسلوں اور نیبر ہوڈکونسلوں کے نام صوبائی حکومت کیبنٹ سے منظور کروانے ہیں جس کے لئے ان کو وقت درکار ہے ۔

تازہ ترین