• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے مخلص پی پی بااختیار شہری حکومت ایکٹ پاس کرے، جماعت اسلامی

کراچی (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی یکجہتی ریلی پر سوال اٹھا دیا ، ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی سے یکجہتی میں مخلص ہے تو با اختیار شہری حکومت کا ایکٹ پاس کرے، کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دے، کراچی کی آبادی پوری گننے کے لیے موثر آواز اٹھائے۔ حیرت ہے اقدامات کراچی کے عوام کے خلاف ہیں اور ریلی کراچی سے یکجہتی کی۔دریں اثناء اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت کے قیام کے بغیر پیپلزپارٹی کی ”کراچی یکجہتی “ سراسر دھوکا اور فراڈ ہے ،اس وقت کراچی کا مسئلہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگارکا انتظام ،بلدیاتی مسائل کا حل ،ٹرانسپورٹ ،صحت و تعلیم کی سہولیات سمیت درست مردم شماری ہے ۔پیپلزپارٹی اگر کراچی کے لیے سنجیدہ ہوتی تو گزشتہ 30سال میں کراچی کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرتی لیکن پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ ان کے ایک دوسرے کے خلاف نعرے ہمیشہ کی طرح نوراکشی او ر عوام کو دھوکا دینا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کراچی میں ریلی نکال کر سمجھ رہی ہے کہ کراچی کے عوام ان کے ساتھ ہیں، اگر پیپلزپارٹی کو کراچی کے عوام سے محبت ہوتی تو کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت اضافے پر خاموش نہ ہوتی اور جعلی ڈومسائل کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں کو بے روزگار نہیں کرتی۔

تازہ ترین