• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کے حلیے اور نہ حالات عوام سے ملتے ہیں، حسن نثار


کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف بہت زیادہ دباؤ اور غصے میں باتیں کررہے ہیں، نواز شریف کو پے در پے مشکلات نے ذہنی، نفسیاتی اور جسمانی طور پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، پیمرا نے کسی قانون کے مطابق نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگائی ہے، مولانا فضل الرحمن کے نہ حلیے اور نہ حالات عوام سے ملتے ہیں یہ عوام کے وارث کیسے ہوسکتے ہیں،دلیپ کمار اور راج کمار کے گھر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ نواز شریف کی حالیہ تقاریرپر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اس صورتحال میں وہ بہت غصے میں ہیں، غیریقینی مستقبل ،اقتدار سے محرومی، اہلیہ کی وفات کے بعد تنہائی اور بیماریوں نے نواز شریف کو ذہنی، نفسیاتی اور جسمانی طور پر جھنجھوڑ کر روک دیا ہے۔

پیمرا کے نواز شریف کی تقاریر پر پابندی پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پیمرا نے کسی قانون کے مطابق نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگائی ہے، ذہنی توازن کھوچکا ایسا شخص جو تین بار وزیراعظم بھی رہ چکا ہو وہ غیرذمہ دارانہ باتوں سے ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جج صاحب کہتے ہیں نواز شریف سسٹم کو شکست دے کر گیا ہے، سسٹم کو شکست تو کوئی تب دے گا جب کوئی سسٹم موجود ہوگا۔

خاص طرح کے لوگوں کیلئے تو اس ملک میں کوئی سسٹم نہیں ہے۔مولانا فضل الرحمن کے بیان ملک کے اصل وارث ہم ہیں پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو بات کرتے ہوئے کچھ سوچ لینا چاہئے، مولانا فضل الرحمن کی وہ کمیونٹی ہے جن کے نہ حلیے اور نہ حالات عوام سے ملتے ہیں یہ عوام کے وارث کیسے ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین