• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری پر 2 ریفرنسز میں فرد جرم عائد


سابق صدر آصف علی زرداری پرپارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کردی گئی، زرداری نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی جس میں سابق صدر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں انہیں چارج شیٹ دی۔

ریفرنس کی سماعت پر آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کی حاضری لگا ئی گئی ، جبکہ گزشتہ سماعت پر غیر حاضرہونے والا ملزم شیرعلی بھی عدالت میں پیش ہوا، عدالت نے گزشتہ سماعت پرملزم کی عدم حاضری پروارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

جج احتساب عدالت نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملزم موجود ہیں اس لیے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کرتے ہیں،پارک لین ضمنی ریفرنس کے دیگر ملزمان کو بھی فرد جرم کی نقول فراہم کی گئیں۔


پارک لین ضمنی ریفرنس میں 19 جبکہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، عدالت میں سابق صدر زرداری نے جج کے سامنے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ، جبکہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو نیب کے گواہ کو طلب کر لیا گیا۔

آصف زرداری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے مقدمات بنتے رہتے ہیں، یہ مقدمات ہم نے دیکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیاکہ خواجہ آصف نے آپ کے خلاف بیان دیا اس پر آپ کیا کہیں گے؟ سوال کے جواب مین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نےکسی کے کہنے پر بیان دیا ہوگا مقصد اپوزیشن کو تقسیم کرنا تھا۔

آصف زرداری نے کہا کہ اب ٹی وی پر کسی کی تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں، موبائل کی صورت میں لوگوں کے ہاتھوں میں اب ٹی وی ہے۔

وفاقی حکومت کیلئے کتنا وقت دیکھ رہے ہیں؟ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سابق صدر نے کہاکہ ابھی تو ہم نے بسم اللہ کی ہے۔

تازہ ترین