• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد

زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد


اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے جعلی اکائونٹس کے میگامنی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور وغیرہ 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے 3 گواہوں کو طلب کر لیا جبکہ پارک لین ریفرنس میں ایک اور ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں3 ملزمان کی عدم موجودگی پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ 

سماعت شروع ہونے پرآصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے جونیئر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایاکہ فاروق ایچ نائیک اس وقت سپریم کورٹ میں ہیں اور آصف زرداری بھی ساڑھے گیارہ بجے تک وکیل کے ساتھ ہی عدالت پہنچیں گے جس پر عدالت نے ساڑھے گیارہ بجے تک وقفہ کردیا، وقفہ کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر آصف ذرداری اور فریال تالپور عدالت پہنچے اس وقت آصفہ بھٹو زرداری بھی انکے ہمراہ تھیں۔ 

عدالت نے ملزمان کی حاضری لگاتے ہوئے آصف زرداری، فریال تالپور سمیت 14ملزمان پر فردجرم عائد کردی جن میں خواجہ انور مجید، حسین لوائی، طحی رضا، عارف خان، محمد عمیر، مصطفی ذوالقرنین، خواجہ سلیمان یونس، عمران خان، محمد اورنگزیب، بلال شیخ اور عدیل شاہ شامل ہیں ملزمان میں سے حسین لوائی، طحی رضا گرفتارہیں جبکہ خواجہ انور مجید کوآن لائن ویڈیو کال کے ذریعے عدالت پیش کیا گیا۔ 

عدالت نے حاضر ملزمان کے علاوہ گرفتار ملزمان کے وکلاءکو چارج شیٹ دی، جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے ریفرنس کے69 گواہوں میں سے 3 گواہوں احسن اسلم، ظہورحسین اور محمد عاطف کوآئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین