• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ٹک ٹاکر ’جنت مرزا‘ کے جاپان میں چرچے

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل اور فلمسٹار جنت مرزا کے ٹک ٹاک پر دس ملین فالووز مکمل ہوگئے ہیں جو مرد و خواتین سمیت کسی بھی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹارز میں سب سے زیادہ فالوورز ہیں۔

جنت مرزا آج کل جاپان کے دورے پر ہیں اور یہاں سے بنائی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعےوہ دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کو جاپان کی معلوماتی اور دلچسپ ٹک ٹاک ویڈیوز کےذریعے محظوظ کررہی ہیں۔

گزشتہ روز جنت مرزا کے ایک کروڑ فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنت مرزا اور اُن کی فیملی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں جاپان کی اہم سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر جنت مرزا نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی سید نور کی ہدایات میں بننے والی فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جس میں صائمہ سمیت دیگر معروف فنکاروں نے کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حال ہی میں ایک میوزک ویڈیو میں بھی کام کیا ہے جس نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور صرف دو ہفتوں میں 20 ملین افراد نے اُن کے گانے کو سوشل میڈیا پر دیکھا ہے۔

جنت مرزا نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا انتہائی موثر اور طاقت ور میڈیم کی شکل اختیار کرچکا ہے جس میں ہر شخص جس میں ذرا بھی ٹیلنٹ ہے وہ دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا سکتا ہے۔ جنت مرزا نے کہا کہ انہوں نے شوقیہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا شروع کیں تاہم دیکھتے ہی دیکھتے اتنی مقبولیت حاصل ہوئی جس کے بعد سید نور صاحب اور صائمہ جی نے خود اُن سے رابطہ کیا اور فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی۔

انہوں نے بتایا کہ شروع میں والدین نے اجازت نہیں دی تاہم سید نور صاحب نے خود والد سے رابطہ کرکے درخواست کی کہ اُن کی فلم ایک فیملی فلم ہوگی جبکہ شوٹنگ کا ماحول بھی بالکل صاف ستھرا رکھا جائے گا، جس کے بعد والد صاحب کی اجازت سے فلم میں کام کرنا شروع کیا، شوٹنگ کے دوران والدہ بھی ساتھ ہی ہوتی ہیں۔

جنت مرزا نے بتایا کہ اُن کی چھوٹی بہن الشبہ مرزا بھی ایک معروف ٹک ٹاک اسٹار ہیں اور پاکستان میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کے 7 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں جبکہ اُمید ہے جلد وہ بھی دس ملین فالوورز حاصل کرلیں گی، جبکہ اُن کی بڑی بہن سحر مرزا یوٹیو ب کی معروف بلاگر ہیں جنہوں نے صرف چند ہفتوں میں یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ کے قریب فالوورز حاصل کرلیے ہیں۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنت مرزا کو دس ملین فالوورز مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں خوشی ہے کہ جنت مرزا نے اپنی محنت سے پاکستان میں سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاک ماڈل کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

وہ اُمید کرتے ہیں کہ جنت مرزا ٹک ٹاک، فلم، کمرشل اور ڈراموں کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی مکمل توجہ دیں گی اور اپنے ملک کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کی اُمیدوں پر بھی پورا اُتریں گی۔

تازہ ترین