اسلام آباد (اے پی پی) سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس پر سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 13اکتوبر بروز (منگل) کو کریگا۔ عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیئرمین نیپرا ، سیکرٹری پاور ڈویژن، کے الیکٹرک، ہیسکو اور سیپکو کے سی ای اوز سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں ۔ زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق از خود نوٹس کیس پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 14 اکتوبر کو کریگا۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ،چاروں صوبائی ایڈوکیٹ جنرلز اور چیف کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ام رباب چانڈیو کی جانب سے دائر درخواست، سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس اور زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق از خود نوٹس کیس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ہیں۔ جمعہ کو عدالت عظمیٰ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ام رباب چانڈیو کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت 12 اکتوبر 2020 بروز (پیر) کو کریگا ۔ سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدر آباد سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔