• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبز فعال


پنجاب کے سیکریٹری ہاؤسنگ، اربن ڈیولپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ندیم محبوب نے موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبز کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

صوبائی سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کی نگرانی میں محکمہ ہاؤسنگ کے لاہور میں قائم  ہیڈ آفس سے فیلڈ میں ٹیمز روانہ کردی گئیں۔

اس حوالے سے ندیم محبوب کا کہنا تھا کہ محکمے نے تمام ضلعی دفاتر کو واٹر ٹیسٹنگ سروس کی بلا تعطل فراہمی اور شیڈول کے مطابق فیلڈ وزٹس کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جن اضلاع میں موبائل لیبز کے ایکوپمنٹ غیر فعال ہیں، ان کو فوری بحال کیا جائے۔

سیکریٹری ہاؤسنگ پنجاب نے بتایا کہ وہیکلز موبائل لیب میں ٹیکنیشن ساتھ جائیں گے جو سیمپل اکٹھا کر کے فوری واٹر ٹیسٹ کنڈکٹ کرسکیں گے۔

ندیم محبوب نے کہا کہ تمام 36 اضلاع میں موٹر بائیک ماؤنٹڈ لیبز بھیجی جارہی ہیں، جن کے رائیڈرز تکنیکی ماہرین ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بائیک ماؤنٹڈ لیبز پر ٹیمز دور دراز کے دیہات میں جا کر بھی واٹر ٹیسٹنگ کرسکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ہاؤسنگ کے تربیت یافتہ ٹیکنیشن گورنمنٹ واٹر سپلائی سورسز سے سیمپلز اکٹھا کریں گے۔

ندیم محبوب نے کہا کہ رضاکارانہ طور پر لیے جانے والے ان واٹر سیمپلز پر کوئی فیس لاگو نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے حکومتی، کمیونٹی اور لوکل گورنمنٹس کے  واٹر سپلائی سورسز پر پینے کے پانی کا معیار چانچا جاسکے گا۔

انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹس، واساز اور کینٹ بورڈز وغیرہ سے بھی کو آرڈینیٹ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ موبائل لیبز کی ٹیمیں فیلڈ میں نظر آنی چاہئیں، واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ میں عملے کی جانب سے کوئی کوتاہی یا کام چوری برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین