کراچی(اسٹاف رپورٹر)کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست 78رنز کی قائدانہ اور دلیرانہ اننگز نے سدرن پنجاب کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں پہنچا دیاہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہفتے کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن کو 7 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ مطلوبہ ہدف تین وکٹ پر161رنز بناکر پورا کرلیا، کپتان شان مسعود نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 161 رنز کے تعاقب میں وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کے ہمراہ 91 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ ذیشان اشرف 55 رنز بناکر موسیٰ خان کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ گزشتہ میچ کے ہیرو صہیب مقصود نے کپتان کے ہمراہ اسکور بورڈ کو گھمانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ 16 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کی گیند پر ایک آسان کیچ دے بیٹھے۔ خوشدل شاہ ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔حسین طلعت ایک رنز بنا کر کریز پر موجود تھے کہ کپتان شان مسعود نے وننگ شاٹ کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ناردرن کے موسیٰ خان، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ناردرن کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی عمران اور شاداب خان کے علاوہ کسی بیٹسمین کو زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرنے دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 50اور ناٹ آؤٹ 48رنز بنائے۔ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ اسپنر زاہد محمود نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ میں خوبصورت بیٹنگ پر سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا۔