اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے سی پیک اتھارٹی ایکٹ کے تیار کردہ نئے مسودہ کی توثیق کردی ہے اور اب یہ قانون قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل قانون سازی کیسز (سی سی ایل سی) کے تصرف سے متعلق کابینہ کمیٹی نے سی پیک اتھارٹی سے متعلق ایک مسودہ قانون کی منظوری دی تھی۔ اس قانون میں سی پیک اتھارٹی کے لئے سی ای او کے عہدے کے خاتمے ، فیصلہ سازی میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کے اختیارات میں کمی اور بزنس کونسل کے قیام کے اتھارٹی کے اختیارات کے خاتمے کی تجویز شامل ہے۔