پشاور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کے بعد کراچی میں پی ڈی ایم کے کامیاب پاور شو سے حکمرانوں کے اوسان خطا ہو گئے ہیں وزیراعظم کی طرف سے بوکھلاہٹ میں اپوزیشن قائدین کو دھمکیاں دینا شروع کر دی گئی ہیں جبکہ وفاقی وزرا اور کرایہ کے مشیروں کو معاونین کو اپوزیشن قائدین کی کردار کشی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے تاہم حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں پرویز خٹک ، شبلی فراز، فواد چوہدری، شیخ رشید احمد اور دوسرے سیاسی بھگوڑے حکمرانوں کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو نہیں بچا سکتے پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ سینیٹر پیر صابر شاہ، صوبائی نائب صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ ، مسلم لیگ کے رہنمائوں راشد محمود خان بابوزئی، ملک ندیم خان اور حاجی نواب خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا کی طرف سے بھڑکیں ماری جاری تھیں کہ عوام پی ڈی ایم کے جلسوں میں شرکت نہیں کریں گے لیکن گوجرانوالہ اور کراچی میں پی ڈی ایم کے تاریخی پاور شو سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام مہنگائی سے نجات کے لئے حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں سے حکمرانوں کے ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور حکمرانوں کی طرف سے پی ڈی ایم کے قائدین کو دھمکیاں دینا شروع کر دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک چل پڑی ہے بہت جلد عوام دشمن حکمرانوں کو بوریا بستر گول ہو جائے گا۔