• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کو یقینی بنانا چاہئے، شہلا رضا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کی صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضانے بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چاہیئے کہ ہر ماہ باقاعد گی کے ساتھ اس حوالے سے ٹیسٹ کرائیں کیونکہ بروقت تشخیص کی صورت میں ہی اس مرض پر قابوپایاجاسکتا ہے۔ہمیں اس مرض کی علامات کو چھپانے کے بجائے اس کی بروقت تشخیص اورعلاج کو یقینی بنانا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی اور پنک پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار کے آغاز سے قبل سیدہ شہلا رضا،شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور پنک پاکستان ٹرسٹ کی بانی ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے کراچی یونیورسٹی کلینک میں قائم کئے جانے والے بریسٹ کینسر آگاہی مرکز کا افتتاح بھی کیا۔ ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی اور بروقت تشخیص کی بناء پر اس مرض میں 30 فیصد کمی آئی ہے،جبکہ ایشیاء اور بالخصوص پاکستان میں اس مرض میں اضافہ ہورہاہے جس کی بڑی وجہ آگاہی کا فقدان ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ تدریس وتحقیق کے ساتھ ساتھ جامعات کا کردار معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور حل میں بھی کلیدی ہے۔بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا فیملی ممبر کی نہ صرف بحیثیت فیملی ممبر بلکہ بحیثیت انسان مدد اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ہمیں زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرض کے سدباب کے لئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔جامعہ کراچی منی پاکستان ہے،یہاں پر پورے پاکستان کے مختلف حصوں سے طلباوطالبات حصول علم کے لئے آتے ہیں اور یہ طلبہ ہی پورے ملک میں اس مرض سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں۔ہمیں آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اس مرض کے سد باب کے لئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین