اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے قتل کے جرم میں چھ چھ بار سزائے موت پانے والے دو ملزمان شاہ مور اور نور خان کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر نے کا حکم دیدیا ہے ۔ جمعرات کو جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی ۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیئے کہ شاہ مور اور نور خان کے خلاف 2014 میں قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا،بعد میں چشم دید گواہ اپنے بیان سے مکر گئے،مقتولین کی لاشیں پہاڑوں سے تحصیلدار لایا،مقتولین کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ وقوعہ کے دو دن بعد بنایا گیا اور مقدمہ چار دن بعد درج کیا گیا،وقوعہ 9 اگست 2014 کو پیش آیا مقدمہ 12 اگست 2014 کو درج کیا گیا،واقعہ کا کوئی بھی چشم دید گواہ نہیں۔