• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربوں کی لاگت سے تعمیر کراچی حیدرآباد M-9 موٹروے پروجیکٹ تباہی کا شکار

کوٹری (رپورٹ /مستقیم خان)اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا کراچی حیدرآباد M-9موٹروے پروجیکٹ تباہی کا شکار ۔ہیوی گاڑیوں نے جگہ جگہ موٹر وے کو مخدوش کردیا ہے۔

مختلف علاقوں میں موٹر وے کے دونوں اطراف سڑک بیٹھ گئی ہے ،ٹو ٹ پھوٹ کے سبب ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ۔

نا ہموار سٹرک کے سبب ٹریفک کی روانی بھی متاثر ،ہیوی گاڑیوں نے موٹر وے کی تکنیکی اورفنی تعمیرات کا پول کھول دیا ،عوام موٹر وے پر خوشگوار سفری سہولیات سے محروم ،حکام کی چشم پوشی حادثات کا سبب بن سکتی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی حیدرآباد موٹروے کا براحال ہے ،نور ی آباد سمیت مختلف علاقوں میں جگہ جگہ سٹر ک بیٹھ گئی ہے نا ہموارسٹرک کے سبب ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے جبکہ حادثات کا خطرہ بھی ہمہ وقت لاحق رہتا ہے۔

دونوں اطراف ایک ٹریک بری طرح متاثر ہوا ہے اور درمیانہ ٹریک جزوی طرح متاثر ہے ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تعمیراتی کمپنی عوام کو عمدہ سفری سہولیات فراہم کرنے عوض چھوٹی گاڑیوں سے 30روپے کے بجائے 270روپے یکطرفہ ٹول ٹیکس وصول کررہی ہے جبکہ ٹرک 1200روپے ،ویگن 450 روپے،بس 900روپے ، کوسٹر مزدا 650 روپے وصول کیے جارہے ہیں لیکن تقریباً 40ہزار گاڑیوں سے یومیہ کروڑوں روپے وصول کرنے کے باوجود عوام M-9موٹر وے پر خوشگوار سفرکرنے سے محروم ہیں ۔

سابق آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ سمیت ماہرین تعمیرات اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی بھی موٹروے کی تعمیرات پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں ۔

کچھ عرصہ قبل اے ڈی خواجہ نے کوٹری میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موٹر وے نہیں ہے پرانا سپرہائی وے ہے ۔M-9کی انجینئرنگ اور ڈیزائن پر موٹر وے پولیس کچھ نہیں کرسکتی ۔انہوں نے کہاتھا کہ M-9پر ٹریفک کا شدید دباو¿ہے ۔

یہاں یومیہ 40ہزار سے زائد گاڑیاں گذرتی ہیں M-1پشاور اور اسلام آباد ،M-2 لاہور ،اسلام آباد اور M-5سکھر،ملتان کو ہم موٹر وے کہہ سکتے ہیں کیونکہ اسکی سٹرکیں نئی الائمنٹ پر بنائی گئی ہیں جبکہ M-9موٹر وے پرانی الائمنٹ پر بنایا گیا ہے۔

قطع نظر اس کے کہ یہ موٹروے ہے یا نہیں ۔عوام اسکی تعمیرات سے مایوس ہیں۔

تازہ ترین