کوئٹہ(نمائندہ جنگ)سی ٹی ڈی نے دشت میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم مذہبی تنظیم کے بریگیڈ کمانڈر سمیت چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مکان سے دو خودکش جیکٹ، درجنوں دستی بم، بھاری مقدار میں اسلحہ، نقشے اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
مارا جانے والا دہشت گرد ڈی آئی جی ہائوس اور آئی جی آفس کے سامنے ہونیوالے خودکش حملوں سمیت مختلف واقعات کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ حکومت بلوچستان نے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم مذہبی تنظیم کا اہم کمانڈر اپنے ساتھیوں سمیت دشت کے علاقے میں ایک مکان میں موجود ہے جہاں کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے گزشتہ روز دشت میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان کو گھیرے میں لے لیا مکان میں موجود دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔