• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں کے طلباء کو محفوظ خوراک کی فراہمی‘بی ایف اے کی مہم جاری

کوئٹہ(خ ن)انسانی صحت کیلئے محفوظ و متوازن خوراک انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،تعلیمی اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق صحت بخش خوراک کے تصور و فراہمی بارے آگاہی دینے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری ہے، مہم کا بنیادی مقصد اسکولوں اور انٹر کالجز میں تحفظ خوراک کے حوالے سے درپیش مسائل حل کرنا ہے تاکہ بچوں کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بناکر انہیں مضر صحت اشیاء خوردونوش سے دور رکھنے پر آمادہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی بچوں کی خوراک کے حوالے سے درپیش مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں بچوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے اور متوازن غذا کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے خصوصی مہم کے تحت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان و انتظامیہ کو شعور و آگاہی دی جارہی ہے،مہم کے ذریعے اسکول و کالجز میں فراہم کی جانے والی غذاؤں سے متعلق اہم مسائل کی نشاندہی جبکہ اداروں کے متعلقہ حکام کو آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ انہیں بی ایف اےکی وضع کردہ خصوصی ایس او پیز کے مطابق بچوں کی صحت کے لئے موزوں و محفوظ غذائی اشیاء کے چناؤ میں بھی مدد کی جا رہی ہے ۔اس سلسلے میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں اسکولوں و کالجز کی کینٹین بھی چیک کر رہی ہیں تاکہ وہاں بچوں کو فروخت کی جانے والی اشیاء کے معیار کا اندازہ لگایا جاسکے اور مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت پر مکمل قابو پا کر صحت مند معاشرے کی تکمیل کےخواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔
تازہ ترین