مقبول پاکستانی ڈرامہ سیریل ’کیس نمبر 9‘ اپنی آخری قسط کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس پر مرکزی اداکارہ صبا قمر نے مداحوں کے لیے ایک مضبوط اور بامعنی پیغام شیئر کیا ہے۔
صبا قمر نے انسٹاگرام پر ڈرامے کی آخری قسط کا ایک کلپ شیئر کیا، جس میں وہ ایک پُراثر مکالمہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص خواتین کو اپنے حقوق اور انصاف کے لیے آواز اٹھانے کی ترغیب دیتی نظر آتی ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ اداکارہ نے ایک تفصیلی پیغام تحریر کیا، جس میں انہوں نے صحافی نعیم حنیف کی جانب سے لگائے گئے بےبنیاد الزامات پر عوامی معذرت کے بعد اپنی خاموشی بھی توڑی۔
صبا قمر نے لکھا کہ میں نے دونوں کیسز جیت لیے ہیں، کیس نمبر 9 اور کیس نمبر 0۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں کسی پر تنقید یا الزام لگانا نہیں چاہتی، میں صرف ایک ایسی بات شیئر کرنا چاہتی ہوں جو میرے دل کے بہت قریب ہے، ایک معاشرے کے طور پر ہمیں زیادہ مہربان اور ذمہ دار ہونا سیکھنا ہوگا، خواتین کی کامیابیوں پر سوال اٹھانے، انہیں بےعزت کرنے یا جھوٹی کہانیوں کے ذریعے نیچا دکھانے کے بجائے ان کا ساتھ دینا چاہیے، اصل ترقی ایک دوسرے کو اوپر اٹھانے میں ہے، گرانے میں نہیں۔‘
جھوٹے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ایک وقت تھا جب میرے بارے میں جھوٹے بیانات دیے گئے، جس کے بعد معذرت کی گئی، معذرت اپنی جگہ اہم ہے، مگر ہمیں یہ سوال خود سے ضرور کرنا چاہیے کہ کیا کسی عورت کی عزت کو بغیر حقائق اور تصدیق کے مجروح کیا جانا چاہیے؟ اس شعور کی اشد ضرورت ہے۔‘
اپنے پیغام کے اختتام پر صبا قمر نے کہا ’میں پورے وقار اور خلوص کے ساتھ کہتی ہوں کہ خواتین کا احترام کسی صورت قابلِ سمجھوتہ نہیں۔ میں سچ کے ساتھ کھڑی رہی، اسی لیے انصاف غالب آیا۔ آئیں ہم سب سچ، ہمدردی اور انصاف کا انتخاب کریں، یہ پیغام مثبت سوچ، دیانت داری اور سچائی کے جذبے کے تحت ہے۔‘
واضح رہے کہ نومبر میں صحافی نعیم حنیف نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران صبا قمر سے متعلق ایک بےبنیاد دعویٰ کیا تھا، جس میں انہوں نے اداکارہ کے لاہور میں لِیو اِن ریلیشن شپ میں ہونے کا جھوٹا الزام لگایا تھا۔
بعدازاں نعیم حنیف نے عوامی طور پر معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کا بیان غیر مصدقہ اور حقائق کے برعکس تھا۔