• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اور ان کے حواری ملک کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، سجاد نقوی

فرینکفرٹ (سیّد اقبال حیدر) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے سینئر رہنما سجاد نقوی نے کراچی میں مزار قائد پر ہونے والی صورت حال، پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کے کم فہم سیاسی سوجھ بوجھ سے ناآشنا ساتھی ملک کو اپنی احمقانہ حرکتوں سے تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں،نیب اور ایجنسیوں کے کندھوں پر سوار پی ٹی آئی حکومت اپنی ہٹ دھرمی کے سبب عوام کی نگاہوں سے دن بدن گر رہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی روزِ اول سے پاک فوج کی قربانیوں کی معترف ہے مگر ایجنسیوں کی حکومتی و سیاسی مداخلت کے خلاف ہے۔اداروں کی اپنی اپنی ذمہ داریاں ہیںفوج ملک کی حفاظت اور عوامی حکومت ملک کو احسن طریقے سے چلانے کی ذمہ دار ہے،موجودہ حکومت کی نااہلی نے جہاں مہنگائی کا بازار گرم کیا ہے وہاں قومی اداروں کا وقار بھی دائوں پر لگادیا ہے،PPP جرمنی کے رہنما پرویز زیدی نے جنگ گروپ کے روح رواں میر شکیل الرحمن کی بے وجہ گرفتاری کو عمران کا ذاتی عناد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے لوگوں کو گرفتار پہلے کر لیا جاتا ہے مقدمات بعد میں بنائے جاتے ہیں،خورشید شاہ ایک سال سے پابند سلاسل ہیں مگر کیس ابھی تک نہیں بنا کچھ ایسی ہی صورت حال میر شکیل الرحمٰن کی ہے انہیں اور ان اداروں جنگ ،جیو کو حق گوئی کی سزا دی جا رہی ہے۔
تازہ ترین