آپ آف لائن ہیں
منگل8ربیع الثانی 1442ھ 24؍نومبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر کورونا میں شدت کا خطرہ

راولپنڈی(نمائندگان جنگ ) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہوچکاہے،احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر کورونامیں شدت کا خطرہ ہے،وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی سےکورونا کا مرض شدت اختیار کرسکتا ہے اس لئے کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور احتیاط کی جائے،ملک میں پیر کو مزید 3اموات ،707نئے مریض ،559کی حالت تشویشناک ہے۔

اعداد و شمار سے واضح ہو رہا ہے کہ پاکستان میں دوسری لہر کا آغاز ہو چکا ہے، ملک میں اوسطاً 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی تعداد میں روزانہ نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، خدشہ ہے کہ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی سے مرض شدت اختیار کر سکتا ہے۔

ادھر این سی او سی نے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کردیئے ہیں جن کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 3افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار 739،جبکہ 707نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 3لاکھ 28ہزار 602ہوگئی ہے ،584مریض صحت یا ب ہوئے ہیں ،اس وقت ملک بھر میں 559مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،ادھر وفاقی سرکاری اداروں میں کرونا وائرس ایک بار پھر سر اُٹھانے لگا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک بار پھر 10 نکاتی ایس او پیز جاری کردی ہیں ،ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد میں کورنا وائرس کے کیسز کی نشاندہی ہونے پر ریجنل ٹیکس آفس کو خالی کرا لیا گیا۔

پیرکو جاری آفس آرڈر کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس کے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی کہ کہ دفتر کی عمارت کی سینٹائز اور سپرے کرنے کیلئے عمارت کو خالی کر دیا جائے اور اگلے احکامات تک عمارت خالی رکھی جائے،کمشنر محمد محمود کے مطابق راولپنڈی میں کرونا کے باعث مزید تین افراددم توڑ گئے ہیں ،34نئے مریضوں کے اضافہ کے ساتھ راولپنڈی ڈویژن بھر میں کنفرم مریضوں کی تعداد8923ہوگئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں85سالہ زیب النسا کالج روڈ اور65سالہ آغا طارق محمود ایڈووکیٹ اڈیالہ روڈ بھی شامل ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید ایک شہری جاں بحق ہوگیا جس کے بعد مرنیوالوں کی تعداد213ہو گئی ہے،91 نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کے تعداد 19012 تک پہنچ گئی ہے، کورونا کیسز کی نشان دہی پر قائد اعظم یونیورسٹی کے تین شعبے سیل کر دیئے گئے، جن میں کیمسٹری ،بی بی اے اور بی سی ایچ کے شعبےشامل ہیں متاثرہ شعبوں کی سخت نگرانی کا بھی انتظام کر دیا گیا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید