• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم کارڈیشیئن کی جزیرے پر سالگرہ، صارفین کی کڑی تنقید

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشیئن ویسٹ نے اپنی 40ویں سالگرہ ایک جزیرے پر منائی ہے جس میں ان کے خاندان اور دوستوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تاہم وبا کے اس دور میں پرتعیش پارٹی کا انعقاد کرنے پر اُن پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ تنقید کرنے والوں کا خیال ہے کہ کم نے ایسا کر کے ’احساس سے عاری ہونے‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی برتھ ڈے پارٹی میں شریک مہمانوں نے نہ تو سماجی دوری کا ضابطہ اپنایا اور نہ ہی ماسک پہنے۔تاہم کم کا کہنا تھا اس تقریب کے انعقاد مہمانوں کو دو ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے اور طبی معائنوں کے بعد کیا گیا تھا۔اس تقریب کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اس تقریب نے انھیں عاجزی کے ساتھ یاد دلایا کہ اُن کی زندگی کتنی مراعات یافتہ ہے۔تاہم جہاں کئی صارفین نے ان کی صاف گوئی کو پسند کیا وہیں دیگر نے انھیں ’غیر حساس‘ ہونے کے طعنے بھی دیے۔ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ کتنا بےتکا ہے۔ امیر لوگ ایک نجی جزیرے پر سب کچھ نارمل ہونے کا فریب دے رہے ہیں۔ جبکہ حقیقت میں جو لوگ نارمل ہیں وہ کرسمس اور دیگر تقریبات کو (کورونا کی وجہ سے) منسوخ کر رہے ہیں۔‘یاد رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکہ میں ایک ریکارڈ تعداد میں شہری وبا کے باعث بے روزگار ہو چکے ہیں۔برطانوی موسیقار پیٹر فریمپٹن نے کم کارڈیشیئن کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ اتنی بے حس ہیں کہ آپ کو احساس ہی نہیں کہ کورونا کے بدترین دور میں زیادہ تر لوگ اس قسم کی باتیں سننا نہیں چاہتے ہیں؟ لوگ فوڈ بینکس جا رہے ہیں (تاکہ زندہ رہنے کے لیے خوراک حاصل کر سکیں) نجی جزیروں میں نہیں۔‘

تازہ ترین