اسلام آباد(طاہر خلیل ) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ ووٹرز بالخصوص خواتین اور موسمی نقل مکانی کرنے والے رائے دہندگان کی پولنگ سٹیشنوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے مناسب اقدامات کرے ،جمعرات کو ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات انتخابی شیڈول سے قبل زیادہ سے زیادہ خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے کمیشن کی کوششوں کی تکمیل کریں گے اور اس کے نتیجے میں انتخابات میں خواتین کی شرکت بڑھے گی ۔ فافن کا یہ مطالبہ طویل مدتی مبصرین (LTOs) کے فوکس گروپ مباحثوں سے اخذ کیا گیا ہے ۔ ان مباحثوں میں گلگت بلتستان کے تمام 24 انتخابی حلقوں سے 188 سماجی و سیاسی طور پر فعال خواتین کارکنان نے حصہ لیا ، فافن 24 تربیت یافتہ غیر جانبدار مشاہدہ کاروں کے ذریعے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے عمل ، انتخابی مہم اور الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی تیاریوں کا مشاہدہ کر رہاہے ،مباحثوں کے دوران خواتین کی اکثریت نے نشاندہی کی کہ پولنگ اسٹیشن ان سے خاصے فاصلے پر قائم کئے گئےہیں جس کی وجہ سے انتخاب کے دن انہیں اپنی گھریلو ذمہ داریاں نبھانے میں کافی مشکل پیش آ سکتی ہے۔