• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے معروف کامیڈین و گلوکار علی گل پیر ایک حادثے میں زخمی ہو گئے، انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر گزشتہ روز گلوکار و اداکار علی گل پیر نے اپنی اسٹوری میں کچھ تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے حادثے کی وجہ بتائے بغیر لکھا تھا کہ ایک حادثے کی وجہ سے اُن کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور وہ گزشتہ کئی روز سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں علی گل پیر نے 6 تصویریں شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں وہ اسپتال کے کمرے میں کھڑے ہوئے ہیں اور اُن کے ساتھ اسپتال کے عملے کے 2 افراد بھی موجود ہیں جن کی مدد سے وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری تصویر انہوں نے اپنے ایکسرے کی شیئر کی ہے جس میں اُن کی ایک ران کی ہڈی ٹوٹی ہوئی نظر آ رہی ہے، تصویر پر انہوں نے خود کو ’آئرن مین‘ لکھا ہے۔

’وڈیرے کا بیٹا‘ سے شہرت پانے والے گلوکار علی گل پیر نے اپنی ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ انشاء اللّٰہ اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد گھر جا رہا ہوں جہاں میں زیادہ وقت بستر پر گزاروں گا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں سے پوچھا کہ میں خود کو دو ماہ تک مصروف رکھنے کے لیے کیا کروں؟

واضح رہے کہ علی گل پیر نے چند روز قبل اداکارہ سبینا فاروق کی مزاحیہ ویڈیو بنا کر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔ 

تازہ ترین