• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: پاکستانی نژاد نوجوان حسن نواز اوسلو میں حکمران جماعت کے یوتھ ونگ کے سربراہ مقرر

پاکستانی نژاد نوجوان نارویجین سیاستدان حسن نواز ناروے کی دارالحکومت اوسلو میں حکمران جماعت کے لیے یوتھ ونگ کے سربراہ منتخب ہوگئے ہیں۔

22 سالہ حسن نواز جو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز گلیانہ کے صاحبزادے ہیں، اس سے پہلے گذشتہ سال اوسلو کی سٹی پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔

ناروے کی دائیں بازو کی جماعت ’ہورے پارٹی‘ کے اوسلو میں یوتھ ونگ کی سربراہی کے لیے حسن نواز کو پارٹی کی متعلقہ کمیٹی کی سفارشات پر منتخب کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے اپنی سفارشات میں امید ظاہر کی ہے کہ حسن نواز اور ان کی ٹیم اپنی مدت تقرری کے دوران پارٹی کے یوتھ ونگ کو بہتر اور مزید فعال بنانے کے لیے ہمہ جہت کوششیں کرے گی۔

ہورے پارٹی کے اوسلو میں یوتھ ونگ کے نئے چیئرمین حسن نواز کے علاوہ، ادریان گران ون ھال اور ستینے بنتزین کو ڈپٹی چیئرپرسنز اور چار افراد کو یوتھ ورکنگ کمیٹی کا رکن اور مزید چھ افراد کو دیگر عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

اوسلو کی سٹی پارلیمنٹ کے رکن اور اوسلو میں حکمران جماعت کے یوتھ ونگ کے نئے سربراہ 22 سالہ حسن نواز کے دادا چوہدری محمد نواز اپنے گاؤں گلیانہ تحصیل کھاریاں سے بہتر معاش کی تلاش میں 1970 کی دہائی میں ناروے آئے تھے۔

حسن نواز جو سیاست کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہیں، اسکول ہی کے زمانے سے دائیں بازو کی جماعت ہورے پارٹی سے منسلک ہیں۔

وہ اس سے پہلے اسی پارٹی کے اوسلو میں یوتھ ونگ کے نائب سربراہ اور سینئر نائب سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین