ملتان (نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ایاز صادق کے بیان کا دفاع فواد چودھری نے جتنے بہترین انداز میں کیا انڈین چینل پر بھی ایسا کوئی نہیں کرسکتا عمران اپوزیشن اور اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پلوامہ والی بات ابھی نندن سے زیادہ خطرناک ہے۔ انڈیا والے فواد چوہدری کے بیان پر زیادہ فوکس کر رہے ہیں، فواد چوہدری کے بیان سے بھارت عالمی سطح پر اپنا کیس مضبوط کررہا ہے۔ عمران خان اداروں کو اپوزیشن سے لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف لازوال قربانیاں دیکر جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نواز شریف باہر صحیح بیٹھے ہیں کیونکہ ہمارے نبی پاکﷺ نے بھی ہمیں یہی سکھایا ہے کہ جنگ لڑنے کے لئے ہجرت کرو۔ خمینی، ڈیگال، ماوزے تنگ، کارل مارکس ودیگر لیڈروں نے بھی ملک سے باہر بیٹھ کر نظریاتی جنگیں لڑیں۔