کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد کرسچیانو رونالڈو نے فٹبال گراؤنڈ میں بھی فتح کے ساتھ واپسی کی ہے۔
کرسچیانو رونالڈو نے اسپیزیا (Spezia) کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں 2 گول اسکور کیے اور اپنے کلب یووینٹس کو 4-1 سے فاتح بنادیا۔
انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو اور ٹوٹنہم ہاٹسپر نے برائٹن کو ہرا دیا۔
اٹالین سیریز اے کے میچ میں یووینٹس اور اسپیزیا (Spezia) کے درمیان میچ کرسٹیانو رونالڈو نے یکطرفہ بنا دیا۔
14ویں منٹ میں موراٹا (Morata ) نے یووینٹس کو برتری دلائی، جسے 32ویں منٹ میں پوبیگا (Pobega) نے برابر کر دیا۔
لیکن دوسرے ہاف میں رونالڈو چھا گئے، انہوں نے اپنی ٹیم کی طرف سے دو گول داغ دے، رابیوٹ(Rabiot) نے بھی ایک گول اسکور کیا۔
یووینٹس نے وبائی مرض سے صحتیابی کے بعد میدان میں اترنے والے رونالڈو کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت میچ 1 کے مقابلے میں 4 گول سے جیت لیا۔
ادھر انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
69ویں منٹ میں آرسنل کو پنالٹی کک ملی اور اس پر ہونے والا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔
ایک اور میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر نے برائٹن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔