• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے جموں و کشمیر نے ہمیشہ تحریک آزادی کو حوصلہ و ہمت بخشی ہے، علی رضا سید

کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے 6 نومبر کے شہدائے جموں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا نے ہمیشہ تحریک آزادی جموں و کشمیر کو حوصلہ و ہمت بخشی ہے۔

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ان شہداء نے خون دے کر تحریک آزادی کشمیر کا آغاز کیا تھا اور ہم ان کا مشن جاری رکھیں گے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ 6 نومبر کے شہداء نے کشمیریوں کی تحریک آزادی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے۔

مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج بھی لوگ ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، ہمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کرنا ہوگا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیرصورتحال کا فوری نوٹس لے۔

اُنہوں نے کہا کہ وادی کی صورتحال روز بروزخراب ہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں، خاص طور پر پچھلے سال پانچ اگست سے اب تک جب سے بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس خطے کو غیرقانونی طور پر بھارت میں شامل کردیا ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ بڑا افسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن بھارت کو کوئی روکنے والا نہیں۔ مقبوضہ وادی میں قتل عام، جنسی تجاوز، جبری گم شدگی، تشدد، لوگوں پر فورسز کی فائرنگ، اظہار رائے پر قدغن اور پُرامن احتجاج پر پابندی روزانہ کا معمول بن چکا ہے اور اب تو بھارتی حکام ملٹری لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے بہانے لوگوں پر ظلم و ستم کررہے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم عالمی برادری خصوصاً یورپین یونین کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ ہمارا فرض ہے کہ دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں۔

یاد رہے کہ 6 نومبر1947ء کو قابض بھارتی اور مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز اور انتہا پسند ہندؤوں نے جموں سے پاکستان ہجرت کرنے والے کثیر تعداد میں کشمیریوں کو بے رحمی سے شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے ان کشمیری مسلمانوں میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔

تازہ ترین