• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پہلے سلیکٹڈ تھے اب ریجیکٹڈ ہیں، مریم نواز






پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے سلیکٹڈ تھے اب ریجکٹڈ ہیں، انہیں این آر او نہیں ملےگا، مسلم لیگ ن اور نواز شریف این آراو نہیں دیں گے۔ اب نہ دھاندلی رہے گی نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ دھاندلی کی پیداوار عمران خان رہے گا۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ یہ نواز شریف کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے تھے، ڈھائی سال میں یہ حالت ہوگئی کہ پورے ملک میں گھبرائے گھبرائے پھر رہے ہيں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بس مہنگائی اور عوام سے روزگار چھیننے پر چلتا ہے، کہتا ہے این آر او نہیں دوں گا، این آر او نہیں دوں گا، اب یہ این آر او ہم سے مانگ رہا ہے، تمہیں این آر او نہیں ملے گا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ اگر نون لیگ کو دھاندلی سےہرایا گیا تو نہ گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان، نہ اب دھاندلی رہے گی، نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ ہی دھاندلی کی پیداوار عمران خان، اب راج کرے گی تو بس خلق خدا راج کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ  نوازشریف کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے اگر کسی کے پاس پاکستان کے مسائل کا علاج ہے تو اس کا نام ہے نواز شریف۔

مریم نواز نے کہا کہ جلسے کے لیے نہ ٹرانسپورٹ ہے نہ کرسی ہے، اگر کچھ ہے تو جذبہ ہے، لوٹوں کو نشان عبرت بنا دینا، ووٹ نہیں دینا، دھاندلی کا منصوبہ بنانے والے جان لیں پاکستان بدل چکا ہے۔



مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بناؤں گا، یہ عزت تمہارے نصیب میں نہیں ہے، گلگت بلتستان کو کوئی صوبہ بنائے گا تو نواز شریف بنائے گا۔

رہنما ن لیگ نے استفسار کیا کہ کیا گلگت بلتستان جاتی ہوئی حکومت کے ساتھ جائے گا؟، یہ نواز شریف کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر آئے تھے، ڈھائی سال میں یہ حالت ہوگئی کہ پورے ملک میں گھبرائے گھبرائے پھر رہےہیں، اب عوام آپ کی چھٹی کریں گے اور آپ کو گھر بھیجیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے صرف ووٹ پر ڈاکہ نہيں ڈالا عوام کی خوشیاں اور سکون بھی چھین لیا۔

تازہ ترین