• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کووڈ-19کے بعد دنیا بھر کی جاب مارکیٹ میں تیزی سے آنے والی تبدیلیاں، ظاہری طور پر نظر آنے والی یا محسوس کی جانے والی تبدیلیوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ دنیا میں کورونا وائرس پھیلنے سے قبل ورلڈ اکنامک فورم نے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں2020ء تک آبادیاتی تبدیلیوں اور تکنیکی ترقیوں کی بدولت 5ملین(50لاکھ) ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کیے جانےکا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ 

ان میں سے اکثر ملازمتوں کا تعلق وہائٹ کالر اور انتظامی (Administrative) ملازمتوں سے ہوگا۔ رپورٹ میں لگائے گئے تخمینے میں رواں برس دنیا بھر کے اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر71 لاکھ ملازمتیں ختم کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ کامیاب مستقبل کے خواب دیکھنے والے طالب علموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تیزی سے تبدیل ہوتی جاب مارکیٹ کے پیشِ نظر ایسے شعبہ جات کا انتخاب کریں جو مستقبل میں ہر ادارےکی اولین ضرورت ہوں گے۔

ڈیٹا اینالسٹ

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل کی جاب مارکیٹ میں ڈیٹا اینالسٹ (اعداد وشمار کا تجزیہ کار) کی اہمیت دگنی ہوجائے گی۔ ڈیٹا اینالسٹ وہ شخص ہوتا ہے جو ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد اس کا شماریاتی جائزہ پیش کرتا ہے۔ ماہرین امید ظاہر کررہے ہیں کہ آنے والے وقتوں میں دنیا کی ہر کمپنی میں ڈیٹا اینالسٹ کی مانگ میں اضافہ ہوجائے گا۔ ٹیکنالوجی میں آنے والی جدت کے باعث اگرچہ ڈیٹا کا حصول توبہت آسان ہوگیا ہے، تاہم ایسے پروفیشنلز کی شدید کمی ہے جو کسی ٹیکنالوجی سے حاصل کیے گئے اعداد وشمار کا تجزیہ پیش کرسکیں۔

ڈیجیٹل اور ویڈیو مارکیٹر

اکیسویں صدی میں سوشل میڈیا صارفین کو مصروف یا آن لائن رکھنے کا سہرامختلف اقسام کی ویڈیوز کو ہی جاتا ہے۔ ایک ویڈیو راتوں رات کسی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتی ہے تو کہیں یہی ویڈیو میکنگ کسی کے راز افشا کردیتی ہے۔ 

مستقبل کے پُرکشش پیشوں کے حوالے سے بات کریں تو امریکا کی مشہور کمپنی Checklateکے سی ای او اسٹیو پٹچارڈ پیش گوئی کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل اور ویڈیو مارکیٹر کی ملازمتیں کیریئر لسٹ میں ٹاپ پوزیشن پر نظر آئیں گی۔ اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے اسٹیو پٹچارڈ کہتے ہیں،’’اگرچہ آج بھی ڈیجیٹل اور ویڈیو مارکیٹر کی ملازمتوں کی کافی ڈیمانڈ ہے لیکن امکان ہے کہ مستقبل میں ان ملازمتوں کی اہمیت میں مزید اضافہ دیکھا جائے گا‘‘۔

کمرشل ڈرون پائلٹ

کمرشل ڈرون پائلٹ کا پیشہ، جاب مارکیٹ کا ایک نیا اور مقبول ترین آپشن ہے۔ مشہور کینیڈین ڈرون کمپنی اسکائی اوپ کے عہدیداروں کے مطابق، مستقبل میں کمرشل ڈرون پائلٹ کا پیشہ عروج پر جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران دنیا بھر میں طلبا کی بڑی تعداد کمرشل ڈرون پائلٹ بن رہی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں اس پیشے کی طلب میں چار گنا اضافہ متوقع ہے، جسے پورا کرنے کے لیے 3لاکھ طلبا کے کوالیفائی کرنے کی ضرورت ہوگی۔

آرکیٹیکٹس اور انجینئرز

ورلڈ اکنامک فورم کی ایک رپورٹ میں آئندہ چار برسوں کے دوران آرکیٹیکچر اور انجینئرنگ کے شعبوں میں مہارت رکھنے والے پیشہ ور ماہرین کی کھپت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں آرکیٹیکٹس اور انجینئرز بالخصوص بائیوکیمیکلز، نینوٹیکنالوجی اور روبوٹکس انجینئرز کے لیے مزید ترقی کے مواقع پیدا ہونے سے متعلق وضاحت کی گئی ہے۔ مستقبل کے حوالے سے ڈبلیو ای ایف کی رپورٹ میں آرکیٹیکچر اور انجینئرنگ کے شعبوں میں کم ازکم 20فیصد ملازمتوں کے اضافے کی پیش گوئی بھی کی گئی۔

تازہ ترین