پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کی ضمانت پر اُن کے بیٹے میر ابراہیم کو مبارکباد دی۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد میڈیا کو دبانے کے تمام حربے ناکام ہوں گے، میر شکیل کی ضمانت پر رہائی کاحکم صحافتی آزادی کی جدوجہد کی جیت ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی ضمانت منظور کر لی، میر شکیل الرحمٰن کو 12 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
کیس کا پس منظر
میر شکیل الرحمٰن نے 1986 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 54 کنال پرائیویٹ پراپرٹی خریدی، اس خریداری کو جواز بنا کر نیب نے انہیں 5 مارچ کو طلب کیا، میر شکیل الرحمٰن نے اراضی کی تمام دستاویزات پیش کیں اور اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا۔
نیب نے 12 مارچ کو دوبارہ بلایا، میر شکیل انکوائری کے لیے پیش ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
آئینی اور قانونی ماہرین کے مطابق اراضی کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران اُن کی گرفتاری بلا جواز تھی کیونکہ نیب کا قانون کسی بزنس مین کی دوران انکوائری گرفتاری کی اجازت نہیں دیتا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں، ایک ان کی ضمانت اور دوسری بریت کے لیے دائرکی گئیں، عدالت نے وہ درخواستیں خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ مناسب وقت پر اسی عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے 8 جولائی کو میر شکیل الرحمٰن کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری خارج کی تھی جس پر ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو نے 11 ستمبر کو سپریم کورٹ میں یہ درخواست دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست کی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اُنہیں ضمانت کیا جائے۔