کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کے پی نے سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا۔ ساجد خان نے میچ میں 9 جبکہ خالد عثمان نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے آخری روز 263 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ناردرن نے سندھ کو 128 رنز سے ہرادیا۔سعود شکیل کی 176 رنز کی مزاحمت بھی سندھ کومیچ بچانے میں کامیاب نہ کرسکی۔ فاتح ٹیم کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کا میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز 263 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز ہی بناسکی۔ کپتان اظہر علی 95 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔